کعبہ کا شاذروان(پشتہ)
شاذروانِ کعبہ خانہ کعبہ کی دیوار کے نیچے سے جڑا ہوا ایک مائل حصہ ہے، اور یہ کعبہ کی بنیاد کی طرح ہے جو اس کی عمارت کو مضبوطی اور استحکام فراہم کرتا ہے۔ شاذروان (پشتہ) کو کعبہ کے جمال اور اس کی روحانیت کا لازمی حصہ مانا جاتا ہے، جو عموماً خالص سفید سنگِ مرمر سے بنایا جاتا ہے۔ جو اس کی چمک اور خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے، اور اسلامی تاریخ کی تابناکی اور مقدس تعمیر کی ترقی کا گواہ ہے۔
معجن (مٹی گوندھنے کی جگہ): کعبہ کے شاذروانِ (پشتہ) میں ایک تاریخی تحفہ
شاذروانِ کعبہ کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک "معجن" ہے، جو 8 نادر سنگِ مرمر کے ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔ یہ ٹکڑے خلیفہ ابو جعفر المنصور نے صحنِ مطاف کی مرمت کے دوران مسجد الحرام کو تحفے میں دیے تھے۔ ایک تاریخی نقش، جو ایک نیلے پتھر کے نیچے دریافت ہوا، اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ ٹکڑے اسی دور میں شامل کیے گئے تھے۔ یہ ٹکڑے نہ صرف اپنی خوبصورتی اور نایابی کی وجہ سے منفرد ہیں بلکہ یہ ایک روحانی اور تاریخی مقام ومرتبہ کے بھی حامل ہیں۔
"معجن" کی تسمیہ کی وجہ
"معجن" کا نام اس مقام سے منسوب ہے جہاں حضرت ابراہیم اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیل علیہما السلام کعبہ کی تعمیر کے دوران گارہ گوندھتے تھے۔ "معجن" خانۂ کعبہ کی ابتدائی تعمیر کی نشانی ہے، جہاں باپ اور بیٹے کے ہاتھوں نے مشترکہ طور پر اس عظیم عمل کو انجام دیا، جسے تاریخ نے ہمیشہ کے لیے محفوظ کر لیا۔
مختلف دور میں مسلمانوں میں شاذروان کی حفاظت کا اہتمام
زمانے کے مختلف ادوار میں مسلم خلفاء اور حکمرانوں نے شاذروان کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی۔ اس کی مرمت اور تجدید کے ساتھ ساتھ اس کی تعمیر میں اعلیٰ ترین قسم کے سنگِ مرمر کا استعمال کیا۔ شاذروان ہمیشہ ہی اپنے تقدس اور مقام کی وجہ سے خاص توجہ کا مرکز رہا ہے۔
اختتام
کعبہ کا شاذروانِ (پشتہ)، جس میں "معجن" جیسی اہم نشانیاں اور اجزاء شامل ہیں، اسلامی تاریخ کی عظمت کے زندہ گواہ کے طور پر باقی رہے گا۔ یہ صرف خانہ کعبہ کا ایک حصہ نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کی یادداشت کا ایک اہم جزء بھی ہے، جو ہر زیارت کرنے والے کو عاجزی، محنت، اور طاعت کے ان معانی ومفاہیم کی یاد دلاتا ہے جو بیت اللہ کی تعمیر کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔